تازہ ترین

شمالی کمان کے سربراہ گورنر سے ملاقی، سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

15 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

بلال فرقانی
 
سرینگر// فوج کے شمالی کمان کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ وادی کے دوروزہ دورے پر سرینگر پہنچے،جس کے دوران انہوں نے کشمیر میں سیکورٹی جائزہ لیتے ہوئے ریاستی گورنر اور پولیس سربراہ سے بھی ملاقات کی۔ دفاعی ذرائع کے مطابق شمالی کمان کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ جمعہ کو سرینگر2روزہ دورہ پر پہنچے۔ذرائع کے مطابق اس دوران بادامی باغ کے فوجی ہیڈ کواٹر میں  لیفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ نے چنار کور کے کمانڈر لیفٹنٹ جنرل ائے کے بھٹ کے ہمراہ،ریاستی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ سے خطے میں سیکورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ اس دوران انہوں نے مختلف سلامتی کی ایجنسیوں کے درمیان آپسی تال میل کی سراہنا کی،دفاعی ترجمان لیفٹنٹ کرنل راجیش کالیہ نے بتایا ’’ شمالی کمان کے سربراہ  اور15ویں کور کے کمانڈر نے پولیس سربراہ کے ساتھ ملاقات کے دوران تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان تال میل کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ انسداد دراندازی اور جنگجو مخالف کاروائیوں کی کامیابی میں یہ تال میل اہم و حساس پہلو ہے‘‘۔ دفاعی ترجمان کے مطابق شمالی کمان کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ نے شام کو ریاستی گورنر ایس پی ملک کے ساتھ راج بھون سرینگر میں ملاقات کی،جس کے دوران ریاست کی اندروانی اور بیرونی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔