تازہ ترین

حکومت راشن کی شفاف اورمنصفانہ فراہمی کیلئے وعدہ بند: ذولفقار علی

راشن کا کوٹا 12 لاکھ میٹرک ٹن ، بی پی ایل مستحقین کی تعداد میں 60 فیصد کا اضافہ

20 اپریل 2017 (00 : 02 AM)   
(   عکاسی: کشمری عظمیٰ    )

نیوز ڈیسک
کشتواڑ//خوراک ، سول سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذولفقار علی نے کہا ہے کہ حکومت لوگوں تک منصفانہ طریقے پر راشن پہنچانے کی وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کشتواڑ میں محکمہ کی ایک جائزہ میٹنگ سے خطاب کے دوران کیا ۔ میٹنگ کے دوران اس پہاڑی ضلع میں غذائی اجناس کی سپلائی و سٹاک پوزیشن کا جائیزہ لیا گیا ۔ ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت سنیل شرما ، رُکن اسمبلی فردوس احمد ٹاک کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ اس موقعہ پر وزیر موصوف کو جانکاری دی گئی کہ ضلع کے تمام بلاکوں میں مارچ 2017 تک راشن تقسیم کی جا چکی ہے جبکہ اس مہینے کا راشن اس وقت تقسیم کیا جا رہا ہے ۔ انہیں بتایا گیا کہ این ایف ایس کے تحت 98 فیصد ، جبکہ ایم ایم ایس ایف ای ایس کے تحت اب تک 85 فیصد راشن تقسیم کی جا چکی ہے ۔ لوگوں تک معیاری راشن پہنچانے کے حکومت کے عزم کو دوہراتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ریاست کیلئے راشن کا کوٹا 7.56 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھا کر 12 لاکھ میٹرک ٹن کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی پی ایل مستحقین کی تعداد میں 60 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ وزیر نے کہا کہ غذائی اجناس میں خرد برد کرنے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے کہا کہ وہ تقسیم کاری کے عمل پر کڑی نظر گذر رکھیں ۔ ذولفقار علی نے تقسیم کاری کے آن لائین نظام کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ بعد میں وزیر سے کئی عوامی وفود ملاقی ہوئے اور غذائی اجناس کی دستیابی کے حوالے سے انہیں درپیش مسائل وزیر کی نوٹس میں لائے ۔ وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔