تازہ ترین

صحافی کے ساتھ پولیس افسر کا ناشائستہ سلوک

جرنلسٹ ایسوسی ایشن کا اظہار برہمی

21 اپریل 2017 (00 : 02 AM)   
(      )

نمائندہ عظمی
بانہال // جرنلسٹ ایسویشن رام بن نے ایک میٹنگ کے بعد ضلع پولیس لائینز رام بن میں پولیس بھرتی کے دوران ڈی آئی جی راجوی۔ پونچھ رینج کی طرف سے ایک نیوز چینل سے وابستہ رپورٹر کے ساتھ ناروا اور نا شائستہ سلوک کے خلاف افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پولیس آرگنائزیشن سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے افسروں کو میڈیا کے ساتھ پیش آنے کا طریقہ سکھائیں۔ نیوز نیشن کے رپورٹر شبھم انتھال کے مطابق وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کو انجام دینے کیلئے پولیس لائینز رام بن پہنچے جہاں ضلع رام بن کے امیدواروں کی پولیس بھرتی کا عمل جاری تھا اور ڈی آئی جی راجوری۔ پونچھ رینج دیپک سلاتھیہ وہاں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے ڈی آئی جی دیپک سلاتھیہ سے رام بن میں جاری پولیس بھرتی کے بارے میں بائٹ دینے کی بات کی تو ڈی ائی جی نے کہا کہ پہلے باقی جرنلسٹس کو بھی آنے دو اور اس کے بعد بائٹ دی جائے گی۔ انہوں نے رپورٹر مذکور کو مزید کہا کہ یہاں آکر آپ نے کیا احسان کیا ہے ہم پر۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ایک مقامی پولیس افسر کی مدد سے شبھم انتھال کے کیمرہ سے پولیس بھرتی کی فوٹیج بھی ڈیلیٹ کرائی گئی۔اس سلسلے میں جرنلسٹ ایسوسی ایشن رام بن کا ایک ہنگامی اجلاس زیر صدرات محمد تسکین وانی منعقد ہوا جس میں میڈیا سے مخاطب ہونے کے اس طریقہ کار پر افسوس کا ظہار کرتے ہوئے اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں تحقیقات کریں کیونکہ یہ میڈیا کے رول کو محدود کرنے کے برابر ہے۔ اس بارے میں جب آئی جی پی جموں سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں گے اور یہ ایک طرفہ کہانی ہے۔