تازہ ترین

مدرسہ جامعۃ القادریہ میں یکروزہ رحمت عالم ؐکانفرنس

اسلام امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے : مولاناداؤوی

21 اپریل 2017 (00 : 02 AM)   
(      )

ظفر پوسوال
کوٹرنکہ //دارالعلوم جامعۃ القادریہ میں یک روزہ رحمت عالم کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں وادی کے معروف دینی اسکالر مولانا عبدالرشید داؤوی نے شرکت کرکے وہاں موجود سینکڑوں کی تعداد میںلوگوں سے خطاب کیا۔انہوںنے کہا کہ اسلام آپسی رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ،شعائر اسلام کو مضبوطی سے پکڑے رکھنے سے کامیابی قدم چومے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس نازک دور میں جہاں ہر سو برائیاں ہی برائیاں جنم لے رہی ہیں، ایک سنت کو زندہ کرنا سو شہیدوں کے برابر ثواب حاصل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر اگر کہیں بھی مسلمان پریشان ہیں تو اس کی ایک ہی وجہ ہے وہ اسلام سے دوری ہے ، اللہ نے اپنی مدد کا ہاتھ ان لوگوں سے اٹھالیا ہے جو اللہ کے قرب سے دور بھاگ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نبی ؐ ایک ایسے وقت میں ظہور پائے جب چاروں طرف تاریکی ،ظلم وجبر قتل وغارت کا سما ں تھا لیکن کس طرح قلیل عرصے میں پوری دنیا کو قرآن وسنت پر اکھٹاکرگئے ، اس کا اندازہ ہمیں قرآن پڑھنے سے ہی ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ محبت ،الفت اور ایک دوسرے کی مدد کو یقینی بناؤ تاکہ آسمان والے کی مدد تم پر واجب ہوجائے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے گھروں میں سنت کو زندہ کریںاوراپنے بچوں کو قرآن کی تعلیم سے آشنا کریں۔ اس موقعہ پر فاروق احمدمصباحی خطیب جامع مسجد پونچھ ، مفتی غلام محی الدین ،مولانا عبدالقیوم نظامی، سید غلام رسول سعدی ،قاری عبدالرزاق چوہدری و دیگر علماء کرام سمیت سیاسی وسماجی شخصیت نے بھی شرکت کی۔ آخر میںقرآن پاک حفظ کرنے والے طلباء کی دستار بندی کی گئی ۔جن طلباء کی دستار بندی کی گئی تھی ان میںحافظ رفاقت ،حافظ صابر حسین ،حافظ رفاقت کراغ ،حافظ عاشق علی ،حافظ ذوالفقار علی ،حافظ محمد شکیل ،حافظ محمد اسلم کھوڑبنی قابل ذکر ہیں۔