تازہ ترین

ادھمپورمیں ڈیجی دھن میلہ منعقد

کالے دھن کے خاتمے کیلئے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کو فروغ دینالازمی: ڈاکٹر جتندر سنگھ

19 مارچ 2017 (00 : 02 AM)   
(      نیوز ڈیسک)

ادھمپور //ڈیجیٹل ادائیگی نظام کو فروغ دینے کے حوالے سے ضلع انتظامیہ ادھمپور اور جموں وکشمیر بینک کے اشتراک سے ادھمپور میں ڈیجی دھن میلہ منعقد ہوا ۔وزیر اعظم کے دفترمیں وزیر مملکت ڈاکٹر جتند ر نے مہمان خصوصی جبکہ خزانہ و منصوبہ بندی کے وزیر مملکت اجے نندا نے مہمان ذی وقار کی حیثیت سے میلے میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر جتند ر نے کہا کہ ڈیجی دھن میلہ ملک بھر کے 100شہروںمیں منعقد کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو ڈیجیٹل ادائیگی نظام کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے ۔انہوںنے کہا کہ کالے دھن اور رشوت ستانی کے خاتمے کے لئے سرکار نے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کو اپنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔انہوںنے کہا کہ ادھمپور ضلع ریاست کا پہلا ایسا ضلع ہے جہاں پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر قائم کیا گیا ہے اور جلد ہی ضلع میں اپنا ریڈیو سٹیشن قائم کیا جائے گا۔انہوںنے دویکا توی پلان کا بھی تذکرہ کیا۔ وزیرنے وزیر اعظم کے من کی بات پروگرام میں کٹھوعہ ضلع کا تذکرہ کئے جانے کے حوالے سے کہا کہ پروگرام کے ضلع 125کروڑ روپے بھارتیوںکو ضلع کے بارے میں جانکاری ملی۔انہوں نے نوٹ بندی کے سرکار کے اقدام کو انقلابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدم غریبوں کے مفادات کو دھیان میں رکھتے اٹھایا گیا۔انہوںنے کہا کہ سرکار ملک کی تعمیر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ڈاکٹر جتندر سنگھ اور اجے نندا نے مختلف سٹالوں کا بھی معائینہ کیا۔ اس موقعہ پر ضلع اطلاعاتی سینٹر ادھمپور اور تعلیمی اداروں کے اشتراک سے تمدنی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔اجے نندا نے مرکزی سرکار کی مختلف سکیموں پر روشنی ڈالی جبکہ ممبرا سمبلی ادھمپور دینا ناتھ بھگت نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ بعد میں بہترین سٹال لگانے والوں اور تمدنی پروگراموں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکا ٔمیں انعامات تقسیم کئے گئے۔تقریب پر ممبران اسمبلی پون کمار گپتا ، دینا ناتھ بھگت ، نیتی آیوگ کے ڈاکٹر منوج سنگھ،کمشنر سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی سنجیو ورما ، ضلع ترقیاتی کمشنر نیرج کمار اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔