تازہ ترین

کرگل میں سہ روزہ فلم فیسٹول کا انعقاد

۔ 29 ممالک کی 85 فلمیں دکھائی جارہی ہیں

22 اگست 2017 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈسک
کرگل//ریاستی قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی نے پیر کو آڈٹیوریم ہال کرگل میں دوسرے کرگل بین الاقوامی فلم فیسٹول کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر چیئرمین و چیف ایگزیکٹیو کونسلر کرگل کاچو احمد علی خان او رایم ایل اے کرگل حاجی اصغر کربلائی بھی موجود تھے۔ لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل ، ڈی بی جی فلمز ممبئی اور سٹوڈنٹس ایجوکیشن مومنٹ آف کرگل ( ایس ای ایم او کے ) کی جانب سے مشترکہ طور منعقدہ اس تین روزہ فلم فیسٹول کے دوران 29 ممالک کی 85 سے زائد فلمیں دکھائی جائیں گی۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں حاجی عنایت علی نے مذکورہ فلم فیسٹول کے انعقاد پر منتظمین کو مبارک پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اس قدم سے ضلع کرگل کی صحیح معنوں میں تشہیر کر نے کا موقعہ فراہم ہوگا جو کہ اپنی شاندار ثقافت و تمدن ، امن ، آپسی بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی کے لئے پوری دنیا میں مشہور ہے۔ انہوں نے فلم سازوں پر زور دیا کہ وہ اپنی فلموں کی ترتیب کے لئے ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ ساتھ کرگل کا بھی انتخاب کریں جو کہ فلک بوس پہاڑوں ، آبشاروں ، ندی نالوں اور دیگر قدرتی حسن سے مالا مال ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے خوشگوار موسم کی بناء پر اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں فلم سازی کے کاموں کے شروع ہونے سے یہاں کی سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا جس سے بے روزگار نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے آڈیٹوریم ہال کرگل کی ضروری تجدید کاری اور مرمت کی ضرورت اُجاگر کرتے ہوئے اس ضمن میں خصوصی رقومات مختص کرانے کی سی ای سی کرگل سے اپیل کی۔اس دوران سی ای سی کرگل کاچو احمد علی خان اور ایم ایل اے کرگل حاضی اصغر علی کربلائی نے بھی فلم میلے کے منتظمین کی سراہنا کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ فلموں کو صرف تفریح تک ہی محدود نہ رکھیں بلکہ سنجیدہ سنیما کے ذریعے سماج میں موجود مختلف مسائل اور مشکلات کے حوالے سے بیداری پیدا کریں۔ دریں اثنا فیسٹول کے پہلے روز دیگر فلموں کے علاوہ ایوارڈ یافتہ فلم ’’ٹیون آف ہوپ‘‘ بھی دکھائی گئی۔