تازہ ترین

گورنر ووہرا کا دورہ لیہہ: ترقیاتی کاموں کیلئے 25جولائی تک رقومات کی واگذاری کی ہدایت

12 جولائی 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
لیہہ//گورنر این این ووہرا نے گذشتہ روز لیہہ کا دورہ کیا اور وہاں پر جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار کا جائیزہ لیا۔گورنر کے مشیران ، چیف سیکرٹری اورپرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی بھی گورنر موصوف کے ہمراہ تھے۔ گورنر موصوف نے لیہہ پہنچ کرایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ممبر پارلیمنٹ تھپستن چیوانگ، ایم ایل سی اور سابق وزیر چھرینگ دورجے، ایم ایل اے اور سابق وزیر نوانگ ریگزن جورا اور سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ارکان قانون سازیہ نے لیہہ ضلع سے متعلق متعدد ترقیاتی معاملات اُبھارے اور ترقیاتی کاموں کی تیز تر عمل آوری کے لئے کیپٹل رقومات میں اضافہ کرنے کی استدعا کی۔ انہوں نے عرصہ دراز سے التواء میں پڑے کاموں کو جلدمکمل کرنے کی بھی مانگ کی۔ارکان قانون سازیہ کے ساتھ میٹنگ کے بعد گورنر موصوف نے ایل اے ایچ ڈی سی کے ایگزیکٹو کونسلروں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا جس میں ایگزیکٹو کونسلروں نے التواء میں پڑے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لئے معقول رقومات کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔بعد ازاں گورنر موصوف نے لیہہ ضلع کے افسروں کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں ضلع کے ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر لیہہ محترمہ اونی لواسہ نے ضلع میں ترقیاتی کاموں کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔سڑکوں اور پُلوں کی موجودہ صورتحال کا جائیزہ لیتے ہوئے گورنر موصوف نے مرکزی معاونت والی جاری سکیموں جو کہ تین برسوں سے زائد جاری ہیں، کی فوری تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے متعلقہ انجنیئروں کو  ہدایت دی کہ وہ معیاری مواد کا استعمال کرتے ہوئے جاری پروجیکٹوں کی تکمیل کو مقررہ مدت کے اندر یقینی بنائیں۔گورنر موصوف نے پرنسپل سیکرٹری محکمہ منصوبہ بندی ترقی اور مونیٹرنگ سے کہا کہ ترجیحی بنیادوں پر25 جولائی2018 ء سے قبل رقومات کی واگذاری کو یقینی بنائیں تا کہ ضلع میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری رہ سکیں۔